سکول،کالج، یونیورسٹیزکے بعد ضلع گجرات میں ہوٹلوں، میرج ہالز کو دو ہفتے کیلئے بند کرنے کے احکامات جاری

لالہ موسیٰ (محمد کامران سے) حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق کرونا وبا کی تیسری لہر میں شدت کے باعث ضلع گجرات میں ہوٹلوں، میرج ہالز کو دو ہفتے کیلئے بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، کاروبار ی مراکز شام پانچ بجے تک بند کر دیے جائیں گے جبکہ آئندہ ہفتے سے جمعہ سے اتوار تین دن تمام دوکانیں اور شاپنگ مالز بند رہیں گے، یہ تفصیلات ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بریفنگ کے دوران بتائیں، اے ڈی سی ریونیو عامر شہزاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع گجرات میں کرونا پازیٹو کیسز کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے، وبا کی روک تھام کیلئے حکومت پنجاب نے اہم فیصلے کئے ہیں جن پر عمل درآمد کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس سمیت تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق ضلع میں تمام میرج ہالز آج سے بند کر دیے گئے ہیں، ہوٹلوں میں بھی ان ڈور، آؤٹ ڈور ڈائننگ پر پابندی ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں تمام بازار اورکاروباری مراکز پانچ بجے تک بند کر دیے جائیں گے، آئندہ ہفتے سے یہ کاروباری مراکز جمعہ سے اتوار مکمل بند رہیں گے جبکہ تعلیمی اداروں کی 15مارچ سے بندش کے احکامات پہلے ہی جاری کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ اور وبا ء سے متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تیار ہے، ہسپتالوں میں کرونا مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے سہولیات میں اضافہ کر دیا گیا ہے، تاہم اس مرض کے خاتمہ کیلئے شہریوں کا عملی تعاون نہایت اہم ہے، شہری کرونا وبا کی روک تھام کیلئے غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، ماسک کا استعمال خود پر لازم کر لیں، ہاتھوں کو بار بار صابن سے دھوئیں اور سماجی فاصلہ کا خیال رکھیں۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے انجمن تاجراں، میرج ہالز ایسویسی ایشن، ہوٹل مالکان سے کہا کہ شہریوں کے مفاد میں ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ضلع گجرات کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے باشعور عوام کرونا کی پہلی اور دوسری لہر کیطرح تیسری لہر کو شکست دینے کیلئے حکومت اور انتظامیہ سے بھرپور تعاون کرتے رہیں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں