پنجاب حکومت کی عام انتخابات 2024ء کیلئےسیکیورٹی اور دیگر اخراجات کے لئے 4ارب 18کروڑ 55لاکھ 49 ہزار روپےکی منظوری

انتخابات2024 میں پنجاب میں سیکیورٹی اور دیگر اخراجات کیلئے کتنے ارب روپے کی منطوری دی گئی ؟ اس حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں ۔ پنجاب کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر نے عام انتخابات 2024ء کے دوران سیکیورٹی اور دیگر اخراجات کے لئے 4ارب 18کروڑ 55لاکھ 49 ہزار کے اجراء کی منظوری دیدی ہے۔ یہ منظوری سٹینڈنگ کمیٹی لاء اینڈ آرڈر کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر نے کی۔
تفصیلات کے مطابق اس رقم میں سے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے لئے 992ملین، پنجاب پولیس کو 1193ملین، انتخابات پر ڈیوٹی دینے والی پاک فوج اور رینجرز کو 1500ملین جبکہ متفرق اخراجات کی مد میں 500ملین ادا کئے جائیں گے۔ محکمہ خزانہ پنجاب نے عام انتخابات میں سیکیورٹی کلیمز کی مد میں بجٹ سال 2023-24میں 3ارب روپے مختص کئے تھے جس بعد وزیر اعلی کو مزید 1ارب 18کروڑ 55لاکھ 49ہزار فنڈز جاری کرنے کے لئے سمری بھجوائی گئی۔ سٹینڈنگ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر نے عام انتخابات 2024ء کے موقع پر یکم فروری سے 12فروری تک پنجاب بھر میں دفعہ 144کے نفاذکی بھی منظوری دے دی ہے۔ سٹینڈنگ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر نے پنجاب کی جیلوں میں لگائے گئے جیمرز اور انسداد دہشت گردی عدالتوں میں لگائے گئے پرزن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور سیکیورٹی آلات کی تنصیب کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے 53کروڑ45لاکھ 22ہزار روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں