بڑی مشکل سے کل شیر نظر آیا، ایسا نہ ہو پھر سے ڈر کر چھپ جائے، بلاول بھٹو زرداری کا جلسہ سے خطاب

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بڑی مشکل سے کل شیر نظر آیا، ایسا نہ ہو پھر سے ڈر کر چھپ جائے، میرے مخالف کو ہر صورت میں چوتھی بار کرسی پر بیٹھنے کی فکر ہے۔

رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ان سے ڈرنے والے نہیں ہیں، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، خون چوسنے والے شیر کا پیٹ 3 باریاں لے کر بھی نہیں بھرا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن میں اب صرف دو جماعتیں ہی رہ گئی ہیں، ایک قائد عوام کی پیپلز پارٹی اور دوسری جنرل ضیا مرحوم کی ن لیگ ہے، صرف پیپلز پارٹی الیکشن اپنے منشور پر لڑ رہی ہے، باقی پارٹیوں کے پاس منشور نہیں، قوم کا احساس نہیں، انہیں بس فکر ہے کہ چوتھی بار وزیراعظم بن جائیں۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عوام بے روزگاری، مہنگائی کے باعث پریشان ہیں، مہنگائی، غربت کا مقابلہ کرنے کے لیے 10 نکاتی ایجنڈا پیش کیا، پیپلز پارٹی کی حکومت اشرافیہ کی سبسڈی بند کرکے عوام پر پیسہ خرچ کرے گی، قائد عوام، شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی طرح وعدے پورے کروں گا، حکومت میں آکر اپنے 10نکاتی ایجنڈے کو پورا کروں گا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ایک شخص جو وزیراعظم بنا تھا کہتا تھا کہ 50 لاکھ گھر بناؤں گا۔ سندھ میں گھر بنا کر مالکانہ حقوق دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے، حکومت میں آنے کے بعد 30 لاکھ گھر بنوا کر دوں گا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بعد بے نظیر کسان کارڈ لائیں گے، بےنظیر مزدور کارڈ کے ذریعے مزدوروں کی مالی مدد کریں گے، بھوک کا مقابلہ کرنے کیلئے یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کروں گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام کی طرف دیکھ رہا ہوں، کسی اور کی طرف نہیں دیکھ رہا، میرا وعدہ ہے بینظیر یوتھ کارڈ لے کر آؤں گا، پیپلز پارٹی کا مقابلہ کسی سیاستدان سے نہیں، بھوک، مہنگائی، غربت سے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں