پاکستان بھر کی طرح گجرات میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن)نے ”اظہارِ یکجہتی فلسطین ریلی“ کا انعقاد کیا

گجرات (محمد کامران)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کی کال پر پاکستان بھر کی طرح گجرات میں بھی ”اظہارِ یکجہتی فلسطین ریلی“ کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) نوابزادہ طاہر الملک نے کی۔ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر ریلی کو محدود رکھا گیا جو کہ کچہری چوک سے شروع ہو کر گجرات پریس کلب تک پہنچی۔ گجرات پریس کلب کے باہر ریلی کے شرکاء نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور فلسطینی عوام پر ہونے والے ظلم و ستم کی پر زور مذمت کی۔ ریلی میں سابق ممبر صوبائی اسمبلی حاجی عمران ظفر‘ سابق ممبر صوبائی اسمبلی میجر معین نواز‘ سابق ایم پی اے میاں طارق محمود‘ ضلعی چیئرمین چوہدری محمد علی تنویر کوٹلہ‘ چوہدری محمد علی گجر‘ چوہدری بلال مراد‘ میاں اکمل حسین‘ طاہر مانڈہ‘ چوہدری کاشف محمود فتح پور‘ چوہدری افتخار وڑائچ‘ میر اسد رشید‘ شہباز بٹ‘ ہارون الرشید بٹ‘ مفیظ اللہ ڈار‘ سنی گجر گھریرہ‘ سماجی شخصیت لالہ جی سعید اقبال و دیگر درجنوں افراد شریک ہوئے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ طاہر الملک نے کہا کہ فلسطینی عوام پر ہونے والے ظلم و ستم اُمت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ ہیں آج بیت المقدس یہودیوں کے نشانے پر ہے تو ہمیں جذبہ ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے کندھے سے کندھا ملا کر ان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا آج اگر وطن عزیز پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوتی تو میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف نڈر ہمت کا مظاہرہ کرتے اور اقوام متحدہ سمیت دیگر اداروں میں پاکستانی عوام کے جذبات کی نمائندگی کرتے ہوئے فلسطینیوں کی مدد کی ہر ممکن کوشش کرتے مگر افسوس کہ صدر پاکستان اپنے آپ کو کمزور کہہ رہے ہیں جبکہ یہ جانتے نہیں کہ پاکستان وہ واحد اسلامی ملک ہے جس کے ایٹم کی طاقت ہے اور پاکستان کسی بھی صورت کسی بھی دشمن کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام سے جو اُمیدیں ہمارے فلسطینی بہن بھائیوں نے لگا رکھی ہیں مسلم لیگ (ن) اُن اُمیدوں کو کبھی بھی ضائع نہیں ہونے دی گی اور انشاء اللہ وقت نے موقع دیا تو پاکستان فلسطین کی آزادی کیلئے لڑی جانیوالی جنگ میں صف اول میں کھڑا ہو گا۔ سابق ممبر صوبائی اسمبلی حاجی عمران ظفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے قبلہ اول پر یہودیوں کا حملہ کرنا ہم سب کو یہ بتانے کیلئے کافی ہے کہ آج ہمارا بیت المقدس ان کے نشانے پر ہے تو کل کو وہ اپنے ناپاک ارادے ہمارے کعبہ شریف اور مسجد نبوی کی طرف بھی بڑھ سکتے ہیں اِسی وجہ سے آج مسلم لیگ (ن) نے اپنے کارکنوں کو باہر نکلنے کا کہا ہے اور آج ہم ناجائز ریاست اسرائیل کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ فلسطینی عوام پر ہونیوالے ہر ایک ظلم کا بدلہ پاکستانی عوام ہر صورت لیں گے ہم اپنی بہنوں‘ بیٹیوں اور بھائیوں کے بہنے والے خون کے ہر قطرے کا حساب لیں گے۔ ضلعی چیئرمین چوہدری محمد علی تنویر کوٹلہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) شیروں کی جماعت ہے جس نے ہر موقع پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کے ساتھ ساتھ پوری اُمت مسلمہ کی بھی ہر پلیٹ فارم پر نمائندگی کی ہے ہم آج اسرائیل کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ فلسطینی عوام پر ہونے والی بربریت کی داستان اتنی ہی لکھنا جتنی تم برداشت کر سکو پاکستان کو اللہ نے ایٹمی قوت بنایا ہے اور دنیا بھر کی جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس پاکستان کبھی کسی دشمن کے آگے جھکا نہیں اور انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کے غیور اور بہادر عوام فلسطینیوں پر قابض ناجائز ریاست اسرائیل کو منہ توڑ جواب دینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں