ٹائیگر فورس کے ممبران معاشرے کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کررہے ہیں: ڈپٹی کمشنر گجرات

لالہ موسیٰ (محمد کامران)ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کے ممبران معاشرے کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کررہے ہیں،گجرات میں ٹائیگر فورس کے رضاکار مثالی نظم و ضبط اور جذبہ سے ہر شعبہ میں بے لوث خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ رضا کار عوامی مسائل کی نشاندہی کا فریضہ بھی سرانجام دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کو تقسیم انعامات کے موقع پر کیا، ڈی پی عمر سلامت ٹائیگر فورس کے ضلعی انچارج سہیل رفیق بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ اور ڈی پی او عمر سلامت نے اس موقع پر ڈسٹرکٹ انچارج سہیل رفیق، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ایکسٹرنل آصف علی، ڈسٹرکٹ کو آرڈینیٹر انٹرنل علی وسیم طور، ڈسٹرکٹ انچارج فی میل فائقہ بشیر،کوآرڈینیٹرز فی میل بشری عارف، سویرہ خالد، ملک نعیم الرحمان، مقیط علی بٹ، عبدالرحمان، اسد ولائیت، ڈاکٹر خادم، کلثوم اختر، اکرام مرزا ودیگر شیلد ز سے نوازا ۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے ممبران نے کورونا کی پہلی لہر کے دوران انتظامیہ کی ہر شعبہ میں بھر پور معاونت کی، قرنطینہ سنٹرز، لاک ڈاؤن ایریاز میں ڈیوٹی سرانجام دی نیز شہریوں کو آگاہی کیلئے کامیا ب مہم چلائی، دوسری اور تیسر لہر کے دوران بھی ٹائیگر فورس کے رضا کار پہلے سے بڑھ کر لگن سے ذمہ داریاں ادا کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے مہم ہو یا، کلین اینڈ گرین پاکستان مہم، سہولت بازاروں میں انتظامات ہوں یا رمضان بازاروں میں خدمات، ویکسی نیشن سنٹرز میں انتظامیہ کی معاونت کا فریضہ ہو ٹائیگر فورس کے ممبران نے اپنے کردار سے خود کو موثر ثابت کیا ہے، آپ ٹائیگر فورس کے ممبران کا تعاون حاصل نہ ہوتا تو ماہ رمضان میں لوگوں کو سبسڈی سے حقیقی طور پر مستفید کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا۔ڈی پی او عمر سلامت نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے ممبران نے وزیر اعظم پاکستان کی کال پر لبیک کہتے ہوئے بے لوث خدمات پیش کی ہیں،ٹائیگر فورس چوراہوں میں ٹریفک پولیس کی مدد کررہے ہوتے ہیں اسکے ساتھ ہر سماجی تقریب میں انکی موجودگی نہایت معاون ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرا ت میں ٹائیگر فورس کے ممبران کے ایک قدم آگے بڑھ کر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے کام آنا بہترین فعل ہے، اپنے قیمتی وقت سے شہریوں کے لئے خدمات سرانجام دینے والے ٹائیگر فورس کے ممبران مبارکباد کے مستحق ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں