ضلعی انتظامیہ کافلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد

لالہ موسیٰ (محمد کامران )ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی بمباری بربریت کی انتہا ہے، بین الاقوامی برادری فلسطینی عوام کو انکے حقوق دلانے میں ناکام ہو گئی ہے، پاکستان مشکل حالات میں فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی فلسطین کے سلسلہ میں ریلی کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا، ڈی پی او عمر سلامت، اے ڈی سی جی افضل حیات تارڑ،سی ای او ایجوکیشن چوہدری اورنگزیب، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ، ممبر ڈویژنل امن کمیٹی خادم علی خادم، ٹائیگر فورس کے ممبران، سول سوسائٹی کے نمائندے بھی شریک تھے۔ ریلی کے شرکاء نے ڈی سی کمپلیکس سے جیل چوک تک مارچ کیا، انہوں نے پاکستان اور فلسطین کے پرچم، کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ گزشتہ 11 دن کے دوران اسرائیلی افواج نے نہتے فلسطینیوں کو خون میں نہلا دیا، بچوں، عورتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، رہائشی عمارتوں، میڈیا دفاتر کو بھی میزائیلوں کا نشانہ بنایا، غزہ میں انفراسٹرکچر مکمل تباہ کرنے کی کوشش کی جو قابل مذمت ہے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں حکومت پاکستان فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑی رہی، سفارتی سطح پر کامیاب مہم چلائی گئی، حکومت پاکستان کا موقف نہایت واضع ہے کہ مسئلہ فلسطین کا واحد حل فلسطینیوں کے لئے آزاد ریاست کا قیام ہے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہوگا۔ دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں خالد عباس سیال، چیف آفیسر کھاریاں خاور گجر کی قیادت میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں