ضلع بھر میں گرانفروش قصابوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 25 ملزمان کے خلاف مقدمات، متعدد پر بھاری جرمانے عائد

لالہ موسیٰ(محمدکامران) ضلع بھر میں گرانفروش قصابوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 25 ملزمان کے خلاف مقدمات درج، متعدد پر بھاری جرمانے عائد کر دیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے سیف انور جپہ نے بتایا کہ عوامی شکایات پر پرائس مجسٹریٹس کو مقررہ قیمت سے زائد نرخ وصول کرنیوالے قصابوں کیخلاف کاروائی کے لیے چیکنگ کی ہدایت کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں خالد عباس سیال کی قیادت میں پرائس مجسٹریٹس نے 28 قصابوں اور چکن شاپس مالکان کو گرانفروشی کرتے پکڑا ان میں سے 12 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا دیے گئے جبکہ 16 گرانفروشوں پر 28 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، اسسٹنٹ کمشنر گجرات سلمان ظفر اور انکی ٹیم نے 10 قصابوں کیخلاف گرانفروشی پر مقدمات درج کروا دیے 9 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر احسن ممتاز کی قیادت میں پرائس مجسٹریٹس نے 3 گرانفروشوں کیخلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کروا دیے جنہیں پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے گرانفروشوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن پر اسسٹنٹ کمشنرز سلمان ظفر، خالد عباس سیال، احسن ممتاز اور پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کو زبردست سراہا ہے اور ہدایت کی ہے کہ مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں