گجرات پولیس کی سال 2025کی کارکردگی رپورٹ جاری
ملزمان اشتہاریوں،کریمنل گینگز اور منشیات فروشوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
سال 2025 میں ڈکیتی معہ قتل کے واقعات میں سو فیصد کمی واقع ہوئی۔ قتل کے مقدمات میں 30فیصد کمی، رابری کی وارداتوں میں32 فیصد کمی ، ریپ کے واقعات میں 12فیصد کمی اور اشخاص کے خلاف جرائم میں مجموعی طور پر 33فیصد کمی واقع ہوئی ۔
تفصیلات کے مطابق گجرات پولیس نے سال 2025میں ضلع بھر میں خطرناک مجرمان اشتہاریوں،منشیات فروشوں،ناجائز اسلحہ برداروں اورچوروں و ڈاکوؤں کے منظم گینگز اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے کروڑوں روپے مالیت کا مال مسروقہ،ناجائز اسلحہ و منشیات برآمد کی۔
گجرات پولیس نے مجرمان اشتہاریوں کے خلاف منظم آپریشن کرکے سال 2025میں 5428سے زائد مجرمان اشتہاریوں اور مفروروں کو پابند سلاسل کیاجن میں کیٹیگری اے کے 2994اور کیٹیگری بی کے 2434اشتہاری شامل ہیں کو گرفتار کیا گیا۔ گجرات پولیس نے چوروں اور ڈاکوؤں کے منظم گینگز کے خلاف موثر کارروائی کیلئے تجربہ کار افسران پر مشتمل مختلف ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے پیشہ وارانہ مہارت اور سائنسی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے نمایا ں کامیابیاں حاصل کیں۔دوران آپریشن گجرات کے مختلف علاقوں میں چوری، راہزنی اور ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے 110خطرناک گینگز کو ٹریس کیا،مذکورہ گینگزکے 320کارندوں کو گرفتار کرکے 13کروڑ61لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کیا گیا۔گجرات پولیس نے گزشتہ سال کے دوران چوری ہونے والے 905موبائل فون برآمد کرکے شہریوں کے حوالے کئے۔
منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران گجرات پولیس نے گزشتہ سال منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کر تے ہوئے 2425منشیات فروشوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 710کلو گرام چرس،36کلو گرام آئس،236کلو گرام ہیروئن،9510بوتل شراب برآمد کر کے مقدمات درج کرلیے۔پولیس نے ضلع بھر میں ناجائز اسلحہ برداروں کے خلاف کارروائی کرکے1927مقدمات درج کئے۔ملزمان سے 104عدد کلاشنکوف،154عدد رائفلیں، 61بندوقیں،05کاربین اور 1557عدد پسٹل،27 ریوالور برآمد کئے۔
گجرات ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 1 لاکھ 70 ہزار روپے کے چالان کیے، جس کے نتیجے میں 16کروڑ 66 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری حاصل کی۔ یہ اقدام شہر میں ٹریفک کی بہتری اور قوانین کے نفاذ کو یقینی بنانے کی سمت میں اہم قدم ثابت ہو رہا ہے۔ اس کارروائی سے نہ صرف شہریوں میں قوانین کی اہمیت کے بارے میں آگاہی بڑھے گی بلکہ ٹریفک کی روانی میں بھی بہتری آئے گی۔
گجرات پولیس کی سماج دشمن اور قانون شکن عناصر کے خلاف موثر کارروائیوں سے ضلع بھر میں جرائم میں نمایا ں کمی واقع ہوئی ہے۔ ضلع کو منشیات جیسی لعنت اور اسلحہ کلچر سے پاک کرناگجرات پولیس کے مشن میں شامل ہے۔اشتہاریوں اورچوروں و لٹیروں کیلئے گجرات کی زمین تنگ کر دی گئی ہے۔