فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے سفارت خانۂ پاکستان میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ایسوسی ایشن آف پاکستانی فرانکوفون پروفیشنلز سے خطاب کیا۔اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان اور فرانس کے درمیان کثیر الجہتی تعلقات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومتیں فریم ورک اور معاہدے تشکیل دیتی ہیں، تاہم پیشہ ور افراد، ماہرینِ تعلیم، کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے رہنما ہی دو طرفہ تعلقات کو حقیقی معنوں میں زندگی بخشتے ہیں۔

سفیرِ پاکستان نے پاکستان پروفیشنلز اینڈ ریسرچرز فورم (PPRF) کی کاوشوں کو سراہا اور فرانکوفون کی پاکستانیوں اور فرانسیسی معاشرے کے درمیان پیشہ ورانہ روابط اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ میں اس کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات پاکستان اور فرانس کے درمیان عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
