فرانس میں پاکستان کے سفارتخانے کے زیرِ اہتمام یومِ سیاہ کشمیر پر خصوصی تقریب

فرانس میں پاکستان کے سفارتخانے کے زیرِ اہتمام یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں میں کشمیری شخصیات، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے شرکت کی۔جمعہ کو فرانس میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق تقریب کے انعقاد کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا اور کشمیری عوام کی دہائیوں پر محیط جدوجہدِ آزادی کو سلام پیش کرنا تھا۔

اس موقع پر کشمیری عوام کی قربانیوں اور بھارتی قابض افواج کے مظالم پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔شرکا نے بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور اقوامِ متحدہ، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ابتر صورتحال کو مزید نمایاں کریں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے میں کردار ادا کریں۔

فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر دنیا بھر میں پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اقوامِ متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کی ایک طویل تاریخ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کشمیری عوام کا حقِ خود ارادیت بین الاقوامی قوانین میں تسلیم شدہ اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے ضمانت یافتہ ہے، جن کے مطابق یہ حق اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں آزاد، منصفانہ اور غیر جانب دارانہ رائے شماری کے ذریعے استعمال کیا جانا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا تاکہ وہ اپنے حقِ خود ارادیت کے حصول کو یقینی بنا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں