پاکستان کا یونیسکو میں اصلاحات اور اسٹریٹیجک سمتِ نو کی ضرورت پر زور

پاکستان نے یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کے جاری اجلاس میں تنظیم میں اصلاحات اور اس کی حکمتِ عملی کو ازسرِنو ترتیب دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ معیاری تعلیم تک رسائی، ثقافتی و تاریخی مقامات کے تحفظ اور گمراہ کن معلومات، غلط معلومات اور نفرت انگیز تقاریر کے چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔
پیرس میں پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کے نمائندے اور وزیرِ اعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ نے اجلاس میں تعلیم کے فروغ، سائنسی ترقی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ میں یونیسکو کی اہم خدمات کو سراہا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ یونیسکو کو اپنی توجہ اپنے بنیادی دائرہ کار تعلیم، سائنس، ثقافت اور ابلاغ پر دوبارہ مرکوز کرنی چاہیے۔
ڈاکٹر توقیر شاہ نے مزید کہا کہ شفافیت اور بنیادی پروگراموں کے تحفظ کو یقینی بنانا یونیسکو کے مقاصد اور اصولوں کے حصول کے لیے نہایت ضروری ہے۔ڈاکٹر توقیر شاہ نے مصر سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر خالد العنانی کو 2025 تا 2029 تک یونیسکو کا ڈائریکٹر جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ثقافت و تعلیم کے شعبوں میں ان کی نمایاں خدمات اور یونیسکو کی بنیادی اقدار سے وابستگی کو سراہا۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والی ڈائریکٹر جنرل کی گزشتہ آٹھ سالوں پر محیط قیادت پر بھی شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں