فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جنوبی افریقی سفیر مردہ حالت میں پائے گئے،اہلیہ کی اطلاع کے بعد پولیس کو تلاش میں کامیابی،تحقیقات جاری، فرانسیسی حکام،جنوبی افریقی سفیر کی مبینہ خودکشی یا قتل ، شواہد تاحال نامکمل،میڈیا رپورٹس،جنوبی افریقہ کے فرانس متعینہ سفیر اینکوسیناتھی ایمانوئل ناتھی ا فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک بلند و بالا ہوٹل کی عمارت کے سامنے زمین پر مردہ پائے گئے۔ ان کی اہلیہ نے انہیں گزشتہ رات ہی لاپتا قرار دے کر پولیس کو اطلاع دی تھی۔فرانسیسی پراسیکیوٹرز آفس کے مطابق اس جنوبی افریقی سفارت کار کی لاش شہر کے مغربی حصے میں واقع ہوٹل کی بلند و بالا عمارت کے سامنے سے ملی۔بین الاقوامی نیوز ایجنسی کے مطابق اس سفارت کار کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی طرف سے مبینہ طور پر ایک ’’تشویش ناک‘‘ پیغام ملنے کے بعد پولیس کو ان کے لاپتا ہونے کی اطلاع کی تھی۔ اس سفارت کار کی طرف سے اپنی اہلیہ کو بھیجے جانے والے ’’پریشان کن‘‘ موبائل فون میسیج کی پیرس میں دفتر استغاثہ نے بھی تصدیق کر دی ہے۔فرانسیسی حکام کے مطابق اس غیر ملکی سفارت کار نے اپنے لیے اس ہوٹل میں 22 ویں منزل پر ایک کمرہ بک کیا تھا، جس کی ایک ’’محفوظ کھڑکی‘‘ اس واقعے کے بعد ’’زبردستی کھولی گئی‘‘ پائی گئی۔ابتدائی تفتیش جاری ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ اس کے نتائج کے بارے میں ابھی کچھ بھی یقین سے نہیں کیا جا سکتا۔اسی دوران فرانسیسی میڈیا نے اپنی رپورٹوں میں کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے سفیر نے مبینہ طور پر خود کشی کی یا ان کا قتل ہوا ہے، تاہم ان دعووں کے حق میں ممکنہ شواہد کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔جنوبی افریقہ میں ملکی وزارت خارجہ نے بھی فرانس میں اپنے سفیر ایمانوئل ’ناتھی‘ کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے اور کہا ہے کہ فرانسیسی حکام ان کی موت کے ممکنہ اسباب کی چھان بین کر رہے ہیں۔
