فرانس کے دارالحکومت پیرس کے نواحی علاقے میں جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے ایک روزہ نیزہ بازی کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا،
پاکستانی و فرانسیسی گھڑ سواروں نے گھڑ سواری اور نیزہ بازی کا عمدہ مظاہرہ کیا۔
کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر چوہدری اشرف عارف اور چوہدری سجاد نمبردار کو کمیونٹی راہنماؤں کی مبارکبادیں
جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے پیرس کے مضافاتی شہر میں نیزہ بازی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ، ٹورنامنٹ میں مقامی نیزہ بازی کلبوں نے حصہ لیا ،
نیزہ بازی کا دلچسپ مقابلہ دیکھنے کے لیے دور دراز سے پاکستانی و فرانسیسی شائقین گراؤنڈ میں موجود رہے، قومی لباس شلوار قمیض میں ملبوس سبز پگڑیاں پہنے گھڑ سواروں نے نیزہ بازی مقابلوں کو جشن آزادی کے رنگوں میں رنگ دیا۔ کمیونٹی نمائیندوں کی بڑی تعداد بھی کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے خصوصی طور پر شریک ہوئی۔
چوہدری اشرف عارف ، چوہدری سجاد نمبردار اور چوہدری ظہیر اصغر نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا ، معزز مہمانوں کا گراؤنڈ پہنچنے پر ڈھول کی تھاپ پر استقبال کیا گیا، گھڑسواروں نے سنگل اور سیکشن مقابلوں میں بہترین کھیل پیش کیا اور شائقین سے خوب داد وصول کی ، سنگل مقابلوں میں چوہدری ظاہر اصغر مرالہ نے اول ، چوہدری صہیب فاروق تارڑ آف چک بساوا نے دوم اور چوہدری ظہیر اصغر مرالہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سیکشن مقابلوں میں پاک فرانس ایسوسی ایشن کی ٹیم نے اول انعام حاصل کیا ٹیم کیپٹن چوہدری وسیم سجاد نے ٹرافی وصول کی ،
دوم اور سوم پوزیشن فرانس نیزہ بازی ایسوسی ایشن نے حاصل کیں ، ٹیم کیپٹن ملک مدثر وسیر اور چوہدری مدثر اصغر مرالہ نے ٹرافیاں وصول کیں ، صوفی محمد عارف ، چوہدری لیاقت شیر ، چوہدری الطاف باؤ ، چوہدری سجاد نمبردار ، چوہدری اشرف عارف نے جیتنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے،
شاندار اور دلچسپ مقابلے منعقد کرانے پر کمیونٹی راہنماؤں نے چوہدری اشرف عارف ، اور چوہدری سجاد مہنہ نمبردار کو ڈھیروں مبارکباد دی کہ انہوں نے اپنی کمیونٹی کی تفریح کے لئے نیزہ بازی کے زبردست مقابلوں کا انعقاد کراکے خوب تفریح مہیا کی۔