اٹلی میں چھوٹا طیارہ مرکزی ہائی وے پر گر کر تباہ، سوار دوافراد موقع پر جابحق

اٹلی میں چھوٹا طیارہ مرکزی ہائی وے پر گر کر تباہ ہو گیا جس میں سوار دونوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
اطالوی میڈیا رپورٹس کے مطابق چھوٹا طیارہ ہائی وے پر گرا تو اچانک زوردار دھماکے سےآگ بھڑک اٹھی، سیاہ دھویں کے بادل دور دور تک دکھائی دیے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ حادثے کے نتیجے میں طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا، ہلاک ہونے والوں میں 75 سالہ مرد اور 60 سالہ خاتون شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق طیارہ حادثے کے وقت ہائی وے سے گزرنے والی گاڑیوں کے 2 ڈرائیور بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کےلیے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔


اطالوی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا کہ طیارہ گرنے کے بعد جائے حادثہ آگ کی لپیٹ میں آگئی جس کے باعث ہائی وے پر دونوں اطراف کی ٹریفک کو معطل کر دیا گیا جبکہ حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں لاس اینجلس سے اٹلانٹا جانے والے مسافر طیارے کے انجن میں بھی اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی تاہم طیارے کو بحفاظت ایئرپورٹ اتار لیا گیا اور خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ ڈیلٹا ایئرلائنز کی پرواز میں 226 مسافر اور عملے کے 9 افراد سوار تھے، بروقت لینڈنگ پر طیارے میں سوار مسافر پرسکون دکھائی دیے اور درست فیصلہ کرنے پر انہوں نے کپتان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں