ورلڈ ہیریٹیج کمیٹی (ڈبلیو ایچ سی) نے یونیسکو ہیڈکوارٹر پیرس میں جاری اپنے 47 ویں اجلاس کے دوران لاہور قلعہ اور شالیمار باغ کے تحفظ کی حالت سے متعلق رپورٹ کی منظوری دے دی ہے۔ پیرس میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ورلڈ ہیریٹیج کمیٹی دنیا بھر میں عالمی ثقافتی ورثے کی حیثیت کے حامل مقامات کے تحفظ کی نگرانی کرتی ہے اور 1972ء کے ورلڈ ہیریٹیج کنونشن پر عملدرآمد کی ذمہ دار ہے۔ اپنے جاری اجلاس میں کمیٹی نے لاہور قلعہ اور شالیمار باغ کے تحفظ کی حالت سے متعلق رپورٹ کا جائزہ لیا اور ان مقامات کے تحفظ کے لیے سفارشات پیش کیں۔
کمیٹی نے لاہور قلعہ میں اعلیٰ معیار کے کام اور پاکستان کی بھرپور شمولیت کو سراہا۔
پاکستان کی یونیسکو میں مستقل مندوب سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے کمیٹی اور اس کے مشاورتی اداروں کا لاہور قلعہ اور شالیمار باغ کو یونیسکو کے عالمی ورثے کی حیثیت سے تسلیم کرنے اور مسلسل حمایت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے لاہور قلعہ اور شالیمار باغ کے تحفظ اور نگہداشت کے لیے پاکستان کے بھرپور عزم کا اعادہ کیا جو عالمی اہمیت کے حامل قیمتی ورثے ہیں۔ لاہور قلعہ اور شالیمار باغ کو 1981ء میں عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا گیا تھا
اور یہ پاکستان کے چھ عالمی ورثہ مقامات میں شامل ہیں۔ پاکستان میں دیگر عالمی ورثہ مقامات میں موہنجو داڑو کے آثار قدیمہ، تخت بھائی کے بدھ مت آثار اور سہر بہلول میں اس سے ملحق شہر کے آثار، مکلی (ٹھٹھہ) کے تاریخی مقبرے، قلعہ روہتاس اور ٹیکسلا شامل ہیں۔