چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے آسٹریلیا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 14ویں سالانہ دفاعی و سلامتی مذاکرات میں شرکت کی۔
دورے کے دوران، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آسٹریلیا کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، جن میں چیف آف ڈیفنس فورسز ایڈمرل ڈیوڈ جانسٹن، ڈائریکٹر جنرل آفس آف نیشنل انٹیلی جنس اینڈریو شیئرر، چیف آف آسٹریلین آرمی لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹورٹ اور محکمہ خارجہ و تجارت کی سفیر برائے انسداد دہشت گردی جیمما ہیگنز شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دفاعی و سلامتی مذاکرات کا مقصد باہمی تفہیم کو فروغ دینا اور دونوں افواج کے درمیان تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنا تھا۔ ملاقاتوں میں عالمی و علاقائی صورتحال، سلامتی کو درپیش چیلنجز اور موجودہ دو طرفہ عسکری روابط کو مزید فروغ دینے کے مواقع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزانے آسٹریلین ڈیفنس کالج میں’’پاکستان کا سکیورٹی نقطۂ نظر‘‘کے موضوع پر لیکچر دیا، جس میں انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کو اجاگر کیا۔
چیئرمین جے سی ایس سی نے آسٹریلوی بحری جہاز ایچ ایم اے ایس ایڈیلیڈ کا بھی دورہ کیا۔
دورے کے آغاز پر چیف آف ڈیفنس فورسز کے دفتر آمد پر چیئرمین جے سی ایس سی جنرل ساحر شمشاد مرزاکو تینوں افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔