پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں پیر کے روز ایک زبردست تیزی کی واپسی دیکھی گئی، جو ”مثبت پیش رفت کا مجموعہ“ کی بدولت ممکن ہوئی، جن میں بھارت اور پاکستان کے درمیان سیز فائر معاہدہ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے اہم مالی معاونت کی منظوری شامل ہیں۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کے ابتدائی اوقات میں تقریباً 10,000 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
صبح 9:30 بجے کے قریب، بیچ مارک انڈیکس 117,104.11 پر تھا، جو 9,929.48 پوائنٹس یا 9.26 فیصد کی اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او محمد سہیل نے ایک نوٹ میں کہا کہ جیسا کہ توقع کی گئی تھی، پاکستانی اسٹاک مارکیٹ نے کھلتے ہی زبردست اضافہ دکھایا، اور کے ایس ای 100 انڈیکس 9,900 یا 9.3 فیصد کے ریکارڈ اضافے کے ساتھ کھلا۔ سیز فائر اور آئی ایم ایف سے قرضے کی قسط کی منظوری کے بعد سرمایہ کاروں کا جذبہ انتہائی مثبت ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے نوٹس کے مطابق 9 فیصد اضافے کے بعد مارکیٹ آپریشنز کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ گزشتہ تجارتی دن کے اختتامی انڈیکس کے مقابلے میں کے ایس ای-30 انڈیکس میں 5 فیصد اضافے کے باعث، پی ایس ایکس ضوابط کے تحت مارکیٹ ہالٹ نافذ ہو گیا ہے اور تمام ایکویٹی اور ایکویٹی سے منسلک مارکیٹس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
محمد سہیل نے مزید کہا کہ 9 فیصد کے اضافے کے بعد، مارکیٹ میں کاروباری عمل عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ یہ مارکیٹ کی اوپر کی جانب بندش دو سال بعد ہوئی ہے۔
مارکیٹ صبح 10:42 بجے کھلی، جس کے بعد تیزی کا رجحان برقرار رہا۔ صبح 11:50 بجے تک بینچ مارک انڈیکس 116,437.83 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ چکا تھا، جو کہ 9,263.2 پوائنٹس یا 8.64 فیصد کے اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
اہم شعبوں، خصوصاً بینکنگ اور توانائی، میں بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی۔ انڈیکس میں اہم اسٹاکس جیسے کہ حبکو،این آر ایل، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، پی ایس او، ایس این جی پی ایل،ایس ایس جی سی،ایچ بی ایل، ایم ای بی ایل، ایم سی بی اور یو بی ایل مثبت زون میں ٹریڈ کررہے ہیں۔
عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) نے پیر کے روز اپنی رپورٹ میں کہا مثبت پیش رفت کا ایک طاقتور مجموعے نے پی ایس ایکس کی بحالی کی راہ ہموار کی ہے، اور پیر کے سیشن میں مارکیٹ کا ماحول نمایاں طور پر تیز نظر آ رہا ہے۔
اس بروکریج ہاؤس کا کہنا ہے کہ وہ کے ایس ای 100 انڈیکس میں مضبوط اضافے کی پیش گوئی کر رہا ہے، جو ممکنہ طور پر 6-7 فیصد تک ہو سکتا ہے، جبکہ ان کا خیال ہے کہ کئی اسٹاک 10 فیصد کے اوپر کی حد کے قریب پہنچ جائیں گے کیونکہ سرمایہ کاروں کا ذہن خوف سے موقع کی طرف مائل ہورہے ہیں۔
سب سے اہم محرک بھارت اور پاکستان کے درمیان سیز فائر معاہدہ ہے — ایک اہم سفارتی کامیابی جو خطے میں جیوپولیٹیکل خطرات کو تیزی سے کم کرتی ہے۔ یہ اعلان پہلگام حملے کے بعد چند ہفتوں کی کشیدگی کے بعد آیا، جس کی وجہ سے جارحانہ فروخت اور سرمایہ کاروں کے خدشات میں اضافہ ہوا تھا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مزید تحریک امریکی صدر کے حالیہ بیان سے آئی ہے جس میں انہوں نے کشمیر کے مسئلے کے حل کی حمایت کا عہد کیا اور بھارت اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ترغیب دی۔
رپورٹ میں ذکر کیا گیا کہ سیز فائر، آئی ایم ایف کی حمایت، مالیاتی پالیسی میں نرمی اور امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات میں مثبت تبدیلیوں کا مجموعہ ایک طاقتور پیش رفت ہے، جب کہ مارکیٹ اپنی حالیہ زبردست گراوٹ سے نکلنے کی کوشش کر رہی ہے جو 22 اپریل 2025 کو پہلگام حملے اور اس کے بعد کی کشیدگی کے بعد شروع ہوئی تھی۔
اے ایچ ایل نے بتایا کہ 22 اپریل 2025 کے بعد سے، کے ایس ای 100 انڈیکس میں 12.6 فیصد کی کمی آئی تھی۔
پچھلے ہفتے، پی ایس ایکس منفی زون میں بند ہوئی، کیونکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے جیوپولیٹیکل تناؤ نے سرمایہ کاروں کے جذبات پر گہرا اثر ڈالا۔
علاقائی استحکام کے بارے میں مسلسل غیر یقینی صورتحال نے وسیع پیمانے پر احتیاط پیدا کی، جس نے تجارتی ہفتے کے دوران مارکیٹ کی کارکردگی کو نیچے لے جایا، سوائے جمعہ کے، جب مارکیٹ نے مضبوط بحالی دکھائی۔
بیچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس نے ہفتہ وار بنیاد پر 6,939 پوائنٹس یا 6.1 فیصد کی کمی کی، جو پچھلے ہفتے کے 114,114 پوائنٹس کے مقابلے میں 107,175 پوائنٹس پر بند ہوا۔
بین الاقوامی سطح پر، وال اسٹریٹ اسٹاک فیوچرز نے اضافے کا آغاز کیا اور پیر کو ڈالر نے دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں مستحکم حیثیت حاصل کی کیونکہ امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی مذاکرات میں پیش رفت کے آثار نے عالمی کساد بازاری کے خدشات کو کم کیا، حالانکہ کسی معاہدے کی تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آئیں۔
جیوپولیٹیکل کشیدگیاں بھی کم ہوتی ہوئی نظر آئیں، کیونکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان نازک سیز فائر برقرار ہے، جبکہ یوکرائنی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ وہ جمعرات کو ترکی میں ولادیمیر پوتن سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔
جنیوا میں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسینٹ نے تجارتی مذاکرات میں اہم پیشرفت کی بات کی، جبکہ چینی حکام نے کہا کہ دونوں فریقوں نے اہم اتفاق رائے تک پہنچنے اور ایک نیا اقتصادی مکالمہ فورم شروع کرنے پر اتفاق کیا۔
ایک مشترکہ بیان پیر کو متوقع ہے، تاہم یہ بات قابل ذکر تھی کہ کسی بھی فریق نے خاص طور پر ٹیرف کی شرح کا ذکر نہیں کیا۔
مارکیٹ نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے ایس اینڈ پی 500 فیوچرز کو 1.2 فیصد تک بڑھایا، جبکہ نیس ڈیک فیوچرز 1.4 فیصد تک بڑھ گئے۔ یوروسٹاکس 50 فیوچرز نے 0.9 فیصد کا اضافہ کیا، جبکہ ایف ٹی ایس ای فیوچرز نے 0.4 فیصد اور ڈیکس فیوچرز نے 0.7 فیصد کا اضافہ کیا۔
جاپان کا نکی 0.3 فیصد بڑھا، جبکہ جنوبی کوریا نے 0.4 فیصد کا اضافہ کیا۔